میٹا کا متعدد ممالک میں انسٹاگرام سبسکرپشنز نامی پروگرام متعارف کرانے کا اعلان

میٹا کا متعدد ممالک میں انسٹاگرام سبسکرپشنز نامی پروگرام متعارف کرانے کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) میٹا کی جانب سے متعدد ممالک میں انسٹاگرام سبسکرپشنز نامی پروگرام متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، میکسیکو، اسپین اور برطانیہ کے صارفین کو آئندہ چند ہفتوں میں دستیاب ہوگا۔ میٹا نے انسٹاگرام صارفین کو آمدنی کے حصول کا ایک اور موقع فراہم کیا ہے۔اس کا اعلان میٹا کی جانب سے جنوری 2022 میں کیا گیا تھا جس کے بعد اس کی آزمائش امریکا میں شروع کی گئی تھی تاہم اب سے دنیا بھر بتدریج متعارف کرایا جائے گا۔ اس پروگرام میں کریٹیرز انسٹاگرام سبسکرپشنز کے ذریعے اپنے فالوورز کو مخصوص پوسٹس، لائیو ویڈیوز، اسٹوریز، ریلز، ہائی لائٹس تک پیسوں کے عوض رسائی فراہم کرسکیں گے۔ سبسکرائبرز کو ایک اسپیشل بیج بھی دیا جائے گا جس سے کمنٹس سیکشن میں وہ سب سے الگ نظر آئیں گے۔ انسٹاگرام سبسکرپشنز کا حصہ بننے کیلئے صارفین کو چند شرائط پوری کرنا ہونگی،ان شرائط میں صارف کی کم از کم عمر 18 سال ہونا لازمی ہے،اس کے علاوہ فالوورز کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہونا بھی ضروری ہے۔جو لوگ اس پروگرام کیلئے اہل قرار پائیں گے وہ اپنے صارفین سے خصوصی مواد تک رسائی کیلئے ماہانہ فیس طے کر سکیں گے۔ کمپنی کے مطابق کریٹیرز کو 0.99 ڈالر سے 99.99 ڈالرز تک ماہانہ فیس رکھنے کا آپشن دیا جائے گا۔اس پروگرام کے ذریعے صارفین اپنے فالوورز سے زیادہ بہتر طریقے سے تعلق قائم کر سکیں گے اور اپنی ماہانہ آمدنی بڑھا سکیں گے۔ یاد رہے کہ میٹا کی جانب سے اس طرح کا پروگرام فیس بک کے لیے 2020 میں متعارف کرایا گیا تھا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔