(ویب ڈیسک ) محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مغربی راجستھان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، تاہم کل اس کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی طاقتور ہوائیں ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے باعث سندھ کے مختلف اضلاع میں آج اور کل تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے جبکہ ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار اور حیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، کشمور اور جیکب آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ شکارپور، سکھر، خیرپور اور نوشہرو فیروز میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران مطلع ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے، شہر میں آج بوندا باندی یا ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ آئندہ3 روز تک وقفے وقفے سے بوندا باندی جاری رہنے کی توقع ہے۔