ویب ڈیسک: ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب نے ایک مخصوص متبادل (ہربل/یونانی) دوا میں ممنوعہ ایلوپیتھک جزو ڈیکسامیتھاسون (Dexamethasone) کی موجودگی کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کی فروخت فوری طور پر روکنے اور مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
لیبارٹری کے مطابق متعلقہ دوا کے نمونوں میں ڈیکسامیتھاسون کی مشتبہ آمیزش پائی گئی ہے، حالانکہ متبادل ادویات میں ایلوپیتھک اجزا کا استعمال قانوناً ممنوع ہے۔

ماہرین کے مطابق ڈیکسامیتھاسون ایک طاقتور کورٹیکوسٹیرائیڈ دوا ہے، جس کا غیر ضروری یا غیر تجویز کردہ استعمال صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے۔ ان میں مدافعتی نظام کی کمزوری، ایڈرینل غدود کی کارکردگی متاثر ہونا، ہڈیوں کی کمزوری (آسٹیوپوروسس)، انفیکشنز کا بڑھتا خطرہ اور طویل مدت میں ہارمونز سے متعلق پیچیدگیاں شامل ہیں۔
ان خدشات کے پیش نظر صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب نے متعلقہ دوا کے حوالے سے فوری حفاظتی الرٹ جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگس کنٹرول پنجاب نے تمام فارمیسیز، ڈسٹری بیوٹرز، تھوک فروشوں اور ریٹیلرز کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ بیچ کی فروخت فوری طور پر بند کر کے موجود اسٹاک واپس کریں اور اس کی تفصیلات متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو فراہم کریں۔
عوام کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر ان کے زیر استعمال متعلقہ دوا مذکورہ بیچ سے تعلق رکھتی ہے تو اس کا استعمال فوری طور پر بند کر دیں اور مزید رہنمائی کے لیے اپنے معالج یا قریبی ڈرگ کنٹرول دفتر سے رابطہ کریں۔