(ویب ڈیسک) ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب میں عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران شدید ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے4 سے 7 ڈگری تک زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 42 ڈگری تک جا سکتا ہے جبکہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سرگودھا اور جھنگ سمیت دیگر اضلاع میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران رات کے وقت بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔عوام الناس سے گزارش ہے کہ گرمی و ہیٹ ویو کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختار کریں۔صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک شدید دھوپ میں غیر ضروری سفر اور باہر نکلنے سے گریز کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گرمی سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں،باہر نکلتے وقت ہلکے رنگ کے سوتی اور ہوا دار کپڑے پہنیں اور سر کو ڈھانپنے کے لیے ٹوپی یا چھتری کا استعمال کریں۔شدید گرمی کے اوقات میں بچوں اور بزرگوں کو لازمی طور پر گھروں کے اندر رکھیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق سفر پر روانہ ہونے سے پہلے گاڑی کے ٹائروں کا پریشر اور ریڈی ایٹر میں پانی کی سطح لازمی چیک کریں۔ گرمی میں پانی کی قلت سے بچنے کے لیے زندگی کے تمام شعبوں میں پانی کا استعمال احتیاط سے کریں۔ گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے بے زبان پرندوں اور جانوروں کے لیے پانی کے برتن بھر کر رکھیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں قصاب، مویشی تاجر اور صفائی کا عملہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے خصوصی احتیاط برتیں۔ مویشیوں کو گرمی سے بچانے کے لیے انہیں بار بار پانی پلائیں اور ان پر پانی کا چھڑکاؤ کریں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ عیدِ قربان کے حوالے سے لگی بکرا منڈیوں میں پینے کا پانی اور عارضی سائے کا انتظام کیا جائے۔ عوام گرمی کی شدت اور ہیٹ اسٹروک کی علامات کو سمجھیں اور فوری ہائیڈریشن اور طبی امداد حاصل کریں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے منڈیوں اور عوامی مقامات پر انسانوں اور جانوروں کے لیے میڈیکل اور ویٹرنری کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں