ویب ڈیسک: بھارت کے خلاف 2 مسلسل اتوار کو کھیلے گئے میچز میں پاکستان کو زبردست شکست برداشت کرنا پڑی ہیں، لیکن ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ اصل اہمیت صرف اس میچ کی ہے جو آئندہ اتوار کو ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف 41 سال بعد پہلی مرتبہ ہوگا۔
بھارت نے پاکستان کو گروپ لیگ کے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی اور پھر سپر 4 مرحلے میں 6 وکٹوں سے واضح فتح حاصل کی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف 11 رنز کی نسبتاً آسان فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ہم نے 14 تاریخ کو میچ کھیلا، پھر 21 تاریخ کو دوسرا میچ۔
’لیکن اصل میں صرف وہ میچ اہم ہے جو آخر میں ہوگا، اور یہی ہمارا فوکس ہوگا، ہم اپنی بہترین کارکردگی اسی وقت پیش کرنے کی کوشش کریں گے جب یہ سب سے زیادہ اہم ہو۔‘
مائیک ہیسن کے مطابق ایشیا کپ کے اس ایڈیشن میں ان کی ٹیم نے اس موقع کی حق دارانہ حیثیت حاصل کی ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کی شروعات 1984 میں شارجہ میں ہوئی تھی اور اس وقت سے بھارت اور پاکستان کے درمیان فائنل کبھی نہیں ہوا۔