وزیراعظم شہبازشریف نےقومی اسمبلی سےاعتمادکاووٹ حاصل کر لیا

وزیراعظم شہبازشریف نےقومی اسمبلی سےاعتمادکاووٹ حاصل کر لیا
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے ، وزیر اعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لئے قرارداد بلاول بھٹو زرداری نے پیش کی ، جس کے متن میں بتایا گیا کہ ایوان وزیر اعظم پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے، قومی اسمبلی میں موجود 180 ارکان نے وزیر اعظم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قرارداد کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قرارداد کے حق میں 180 ارکان نے ووٹ دیا ہے ، مفتی عبدالشکور مرحوم ہوتے تو تعداد 181 ہوتی، جنہوں نے اعتماد کا ووٹ دیا سب کے نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر ڈال دیئے جائیں ۔ اعتماد کے ووٹ کی قرارداد منظور ہونے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کے پاس جا کر فرداً فرداً شکریہ بھی ادا کیا ، ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہوں، ایک مرتبہ پھر معزز ایوان نے بلاول کی قرارداد پر مجھے 180 ووٹ دیئے، میں دل کی گہرائیوں سے سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ وزیر اعظم نے قومی اسمبلی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان، خالد مقبول صدیقی،آصف زرداری، بلاول بھٹو، اختر مینگل، خالد مگسی کا شکر گزار ہوں، ایوان نے مجھ پر ایک بار پھر سے اعتماد کا اظہار کیا ہے میں سب کا مان رکھوں گا، آپ کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے ظہرانے میں بھی مشاورت کی تو اتحادیوں نے اعتماد کا ووٹ لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ پر پورا اعتماد ہے، آپ کبھی بھی ایوان سے اعتماد کا ووٹ لے سکتے ہیں، جس کے بعد وزیر اعظم شہبز شریف نے اعتماد کا ووٹ آج لینے کا فیصلہ کیا تھا ۔ ظہرانے کے دوران ہی وزیر اعظم نے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے اس کا فیصلہ قبول کرنا ہوگا ، حکومت ہر معاملے پر پارلیمنٹ کے فیصلوں پر عمل یقینی بنائے گی ، کوئی کچھ بھی کر لے پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔