عباس عراقچی نے دورہ پاکستان کو انتہائی مفید قرار دیدیا

عباس عراقچی نے دورہ پاکستان کو انتہائی مفید قرار دیدیا
کیپشن: عباس عراقچی نے دورہ پاکستان کو انتہائی مفید قرار دیدیا

ویب ڈیسک: ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اسلام آباد کے دورے کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ تعمیری اور مثبت مشاورت ہوئی۔

ماسکو پہنچنے پر ایرانی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ وہ روس اس مقصد کے تحت آئے ہیں کہ ایران اور روس کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر قریبی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔ ان کے مطابق آج روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی صدر سے ملاقات موجودہ جنگی صورتحال اور اس کی پیشرفت کا جائزہ لینے کا ایک اہم موقع ثابت ہوگی، اور انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور مشاورت غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ انتہائی مفید رہا، جہاں اسلام آباد میں حکام کے ساتھ مثبت اور بامقصد تبادلۂ خیال ہوا۔ اس دوران ماضی کے واقعات اور ان مخصوص حالات کا بھی جائزہ لیا گیا جن میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عمان کے دورے کے دوران آبنائے ہرمز سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور عمان دونوں اس اہم گزرگاہ کے ساحلی ممالک ہیں، اس لیے باہمی مشاورت ناگزیر ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب اس راستے سے محفوظ آمد و رفت عالمی سطح کا اہم مسئلہ بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساحلی ممالک ہونے کے ناطے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مسلسل رابطہ اور ہم آہنگی ضروری ہے، اور یہی دونوں ممالک کے حق میں بہتر ہے۔

ایرانی وزیرِ خارجہ کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان اعلیٰ سطح پر مکمل اتفاق پایا جاتا ہے، اور دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ ماہرین کی سطح پر بھی مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

Watch Live Public News