ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف اداکار ریتک روشن نے ایک مرتبہ پھر اپنی نجی زندگی کے باعث خبروں میں جگہ بنا لی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریتک روشن نے اپنی گرل فرینڈ صبا آزاد کو ممبئی کے مہنگے علاقے جوہو میں واقع اپنا پرتعیش فلیٹ بے حد کم کرائے پر دے دیا ہے، جس پر شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں خوب چرچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ فلیٹ جوہو ورسووا لنک روڈ پر موجود " منت اپارٹمنٹس" میں ہے، جو شہر کے نہایت پرکشش اور مہنگے ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ فلیٹ ایک لگژری تھری بیڈروم اپارٹمنٹ ہے جس کا رقبہ تقریباً 1000 سے 1300 اسکوائر فٹ کے درمیان بتایا گیا ہے۔ یہ فلیٹ صبا آزاد کو صرف 75 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر دیا گیا ہے، جبکہ مارکیٹ کے حساب سے اس علاقے میں اسی معیار کے اپارٹمنٹس کا کرایہ عموماً ایک لاکھ سے دو لاکھ روپے ماہانہ تک ہوتا ہے۔
پراپرٹی دستاویزات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یہ فلیٹ ریتک روشن کی ذاتی ملکیت ہے اور اسے رسمی طور پر صبا آزاد کے نام کرایے پر دیا گیا ہے۔ مقامی رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں اس قیمت پر فلیٹ لینا تقریباً ناممکن ہے اور صبا آزاد کو دیا گیا یہ ریٹ کسی عام کرایہ دار کو ہرگز دستیاب نہیں ہو سکتا۔
ریتک روشن اور صبا آزاد طویل عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات میں ہیں اور اکثر انہیں مختلف تقریبات اور عوامی مقامات پر ایک ساتھ دیکھا جاتا ہے۔ دونوں کی جوڑی مداحوں میں خاصی مقبول ہے، تاہم ریتک کی اس پیشکش نے ایک بار پھر ان کے رشتے کو میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔