شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کے خلاف کار اشتہار پر مقدمہ درج

شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کے خلاف کار اشتہار پر مقدمہ درج
کیپشن: شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کے خلاف کار اشتہار پر مقدمہ درج

ویب ڈیسک: بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور سپر اسٹار دپیکا پڈوکون ایک نئی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں اداکاروں کے خلاف راجستھان کے شہر بھرت پور میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ اس وقت سامنے آیا جب مشہور کار برانڈ ہنڈائی کی ایک گاڑی میں سنگین تکنیکی خامیاں پائی گئیں، جس کے بعد وکیل کیرتی سنگھ نے عدالت سے رجوع کیا۔

کیرتی سنگھ نے اپنے مؤقف میں کہا کہ انہوں نے 2022 میں 23 لاکھ 97 ہزار بھارتی روپے کی لاگت سے ایک کار خریدی تھی، جو بینک لون کے ذریعے حاصل کی گئی۔ کار خریدنے کا فیصلہ انہوں نے برانڈ کی تشہیر اور شاہ رخ خان و دپیکا پڈوکون کے اشتہارات دیکھ کر کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ برانڈ نے دعویٰ کیا تھا کہ گاڑی مکمل طور پر ’trouble free‘ ہے اور صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

تاہم، چند مہینوں کے استعمال کے بعد ہی کار میں مختلف تکنیکی خرابیاں سامنے آنے لگیں۔ ایف آئی آر میں درج مؤقف کے مطابق گاڑی ایک سے زائد بار حادثات کے قریب پہنچی، لیکن خوش قسمتی سے بڑے جانی نقصان سے بچ گئی۔ کیرتی سنگھ کے مطابق جب انہوں نے ڈیلرشپ سے رابطہ کیا تو وہاں سے صاف جواب ملا کہ کار کی مینوفیکچرنگ میں نقائص ہیں اور ان مسائل کو دور کرنا ممکن نہیں۔

اسی تناظر میں وکیل نے کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر، کل وقتی ڈائریکٹر، سی ای او اور مقامی شوروم مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ ساتھ ہی شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کو بھی نامزد کیا گیا ہے، یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ دونوں اداکاروں نے خراب پروڈکٹ کی تشہیر کر کے صارفین کو گمراہ کیا۔

بھارتی پولیس کے مطابق ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ 

Watch Live Public News