ویب ڈیسک: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر مختلف کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیاں خیبرپختونخوا کے جنوبی وزیرستان اور بنوں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں کی گئیں۔
بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ کارروائی میں بارودی مواد کی مدد سے دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں انٹیلی جنس اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں 5 خوارج ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا اور انہیں گھیرے میں لے کر کارروائی کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خضدار کے علاقے ساسول میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو کوارڈکاپٹر کی مدد سے نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق تمام کارروائیوں میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا اور مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔