(ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور کویت کا ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی سربراہی میں اعلیٰ سطح وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔ کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح اور چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد دارج سعد الشریعان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور کویت کا ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو سراہا۔ پاکستان اور کویت نے تاریخی برادرانہ تعلقات کو مضبوط اور دیرپا دفاعی شراکت داری میں ڈھالنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک کویت قیادت کی ملاقات تاریخی برادرانہ تعلقات کو مضبوط شراکت داری میں بدلنے کے عزم کی عکاس ہے۔پاک کویت دفاعی شراکت داری سے علاقائی سلامتی اور استحکام کے فروغ میں مدد ملے گی۔