ویب ڈیسک: مسلمانوں کے ماہ مقدس رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس مقدس مہینے کی تیاریاں جوش وخروش سے کررہے ہیں۔ ایسے میں برطانوی بادشاہ چارلس سوم کی ایک ویڈیو نے مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے۔ جس میں برطانوی شاہ چارلس سوم اور ملکہ برطانیہ کمیلاپارکر کو کھجوریں پیکٹس میں بند کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ برطانوی بادشاہ یہ پیکٹس افطاری کے موقع پر مسلمانوں میں تقسیم کرنے کیلئے پیک کرتے دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کیجانب سے خوب سراہا گیا ہے۔
دوسری جانب میئر لندن سر صادق خان نے سینٹرل لندن میں رمضان لائٹس کا افتتاح کردیا۔
میئر لندن صادق خان نے کہا کہ لندن مغربی دنیا کا پہلا شہر ہے جہاں رمضان لائٹس لگائی جاتی ہیں اور فخر کی بات ہے کہ ہم نے مسلسل تیسرے برس رمضان لائٹس لگائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں مقامی کمیونٹیز کو اپنے دین اسلام کے بارے میں بتانا ہوگا، مسلمان رمضان میں عبادت کرتے ہیں، چیریٹی دیتے ہیں اور غیر مسلموں کے ساتھ افطار بھی کرتے ہیں۔
میئر لندن کا کہنا تھا کہ بعض افراد مسلمانوں کے بارے میں غلط باتیں پھیلاتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ ہم لوگوں کو اسلام کی اصل تصویر دکھائیں۔