ویب ڈیسک: ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے پہلی اننگز میں پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا لیے۔
شان مسعود 88 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور سنچری سے صرف 12 رنز دور ہیں، جبکہ سلمان علی آغا ابھی تک کھاتہ کھولے بغیر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔
پاکستان کو اننگز کے آغاز میں صرف ایک رن پر اوپنر اذان اویس کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا، تاہم اس کے بعد امام الحق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 155 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔
امام الحق 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان بابر اعظم 23 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اذان اویس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل دوسرے روز کھانے کے وقفے کے بعد ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 311 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے محمد علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ محمد عباس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کو پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کا مجموعہ برابر کرنے کے لیے مزید 112 رنز درکار ہیں، جبکہ اس کی 7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔