ویب ڈیسک: لاہور قلندرز نے گلوبل سپر لیگ 2026 کے لیے قومی بیٹر عبداللہ شفیق کو اسکواڈ سے ریلیز کرکے بنگلا دیشی کرکٹر شمیم حسین کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عبداللہ شفیق آج ٹرینیڈاڈ میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ وہ پروویڈنس سے ٹرینیڈاڈ روانہ ہوں گے۔ عبداللہ شفیق نے گلوبل سپر لیگ میں گیانا واریئرز کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلا تھا، جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 2 اگست کو کوئینز پارک اوول، پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز گلوبل سپر لیگ 2026 میں پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ اس کا اگلا مقابلہ 29 جولائی کو سین فرانسسکو یونیکارن کے خلاف شیڈول ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کیخلاف جاری ٹیسٹ سیریز اور اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ انجری کے باعث اوپننگ بیٹر عبداللہ فضل ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے، جن کی جگہ عبداللہ شفیق کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ سعود شکیل کو اضافی متبادل کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔