ویب ڈیسک: شہر قائد میں منشیات کی تیاری، فروخت اور سپلائی کا نیٹ ورک بدستور فعال ہے۔ ضلع ملیر سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وائرل ویڈیو میں ایک خاتون منشیات فروش کو ہیروئن کی پیکنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ویڈیو میں اس کے ساتھ ایک کم عمر لڑکی کی موجودگی بھی انتہائی تشویشناک منظر پیش کرتی ہے۔ یہ نشہ شہر کے مختلف علاقوں، گلی محلوں اور جامعات تک سپلائی کیا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن کو چھوٹے چھوٹے پیکٹس میں پیک کر کے مخصوص نیٹ ورکس کے ذریعے شہر بھر میں تقسیم کیا جاتا ہے، جہاں نوجوان نسل کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انسداد منشیات فورس (ANF)، پولیس اور حساس ادارے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف اس خاتون بلکہ اس نیٹ ورک کے تمام سرغنہ افراد کو گرفتار کریں، تاکہ کراچی کو نشہ جیسے ناسور سے پاک کیا جا سکے۔