بارشوں سےدریائے سوات میں طغیانی، 8سیاح جاں بحق، متعددافرادبہہ گئے

بارشوں سےدریائے سوات میں طغیانی، 8سیاح جاں بحق، متعددافرادبہہ گئے
کیپشن: خیبرپختونخوا میں شدید بارشیں، دریائے سوات میں طغیانی، 5سیاح جاں بحق، 19 بہہ گئے

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش کے باعث دریائے سوات بپھر گیا جس کے نتیجے میں 7 مقامات پر خواتین اور بچوں سمیت 75 سے زائد افراد دریا میں بہہ گئے، جن میں سے 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں اور 55 سے زائد افراد کو ریسکیو کرلیا گیا جبکہ 20 سے زائد کی تلاش جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج سوات میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پہنچ گئی,پاک فوج کے دستے ریسکیو اور ریلیف مشن میں ریسکیو 1122 کے ہمراہ حصہ لے رہے ہیں,پاک فوج کے دستے ضروری ساز و سامان سے لیس ہیں,اب تک 3 لوگوں کو زندہ بچایا جا چکا ہے جبکہ 7 لاشیں نکالی جا چکی ہیں,صورتحال مزید خراب ہونے کی صورت میں مزید دستوں کو بھی روانہ کیا جائے گا,پاک فوج مشکل وقت میں انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کر رہی ہے.

ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں موسلادھار بارش کے بعد دریائے سوات میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے نتیجے میں 7 مقامات پر درجنوں افراد سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے۔

ریسکیو کے مطابق بائی پاس کے مقام پر 16 افراد ڈوب گئے جن میں سے 7 افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئیں اور 3 افراد کو بچالیا گیا جبکہ 6 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو1122 کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

بائی پاس کے مقام پر دریا برد ہونے والے خاندان کے زندہ بچ جانے والے فرد نے بتایا کہ ان کی 2 بیٹیوں سمیت خاندان کے 9 افراد دریائے سوات کی نذر ہوئے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

واقعے کی خوفناک فوٹیجز بھی سامنے آئی ہیں جن میں خواتین اور بچوں سمیت ایک درجن افراد کو مٹی کے ٹیلے پر پھنسا ہوا دیکھا جاسکتا ہے اور کچھ ہی دیر میں تمام افراد دریا کی نذر ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

 ریسکیو کے مطابق امام ڈھیرئی میں 22 افراد سیلابی سیلے میں پھنس گئے تھے، جنہیں بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق غالیگے کے مقام پر 7 افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے، ایک شخص کی لاش برآمد ہوگئی جبکہ دیگر کی تلاش میں آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو کا کہنا ہے کہ مانیار میں 7 افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے، جنہیں نکالنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، اسی طرح پنجیگرام میں بھی ایک شخص سیلابی ریلے میں پھنس گیا۔

ریسکیو کے مطابق مٹہ کے علاقہ برہ بامہ خیلہ میں 20 سے 30 افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے جنہیں باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔

10افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے 

ذرائع کے مطابق سوات میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والوں میں 10افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، متاثرہ خاندان کا تعلق ڈسکہ سیالکوٹ سے ہے جن میں ایشال، انفال، میرہ، آئمہ، آیان، نمرہ اور شرمین شامل ہیں۔

سیالکوٹ کے متاثرہ خاندان سے عجوہ، عبداللہ اور روبینہ جبکہ کراچی سے تعلق رکھنے والے معیز اللہ بھی ڈوبنے والوں میں شامل ہیں۔

فلڈ سیل قائم

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر فلڈ سیل بھی قائم کر دیا گیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق سیلاب یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع یا معلومات کے لیے +92 340 9418852 یا 1177 نمبرز پر فوری رابطہ کریں۔ مون سون کے دوران ندی نالوں، دریاؤں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

سیلاب الرٹ

دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر سیلاب کے پیش نظر چارسدہ میں بھی سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔

ایڈیشنل ڈی سی ریلیف کے مطابق سوات خوازہ خیلہ میں پانی کا اخراج بڑھ کر 77,782 کیوسک ہو گیا ہے، جو کہ اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ چارسدہ میں خیالی کے مقام دریائے سوات سے سیلابی پانی گزرتا ہے۔

اے ڈی سی کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر  ضلع چارسدہ میں سیلاب کا الرٹ جاری کر کے اور متعلقہ عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی جائے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری

صدرِ مملکت نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جاں بحق افراد کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم نے سیلابی ریلے میں سیاحوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، جبکہ لاپتا افراد کی جلد تلاش اور ریسکیو کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور 

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے سوات واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ دریائے سوات میں سیلابی ریلے میں متعدد افراد بہہ گئے ہیں، ریسکیو1122 اور ضلعی انتظامیہ کا مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی 

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دریائے سوات میں سیاحوں کے ڈوبنے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے، واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

Watch Live Public News