پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان ہوگیا

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان ہوگیا
کیپشن: پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان ہوگیا

ویب ڈیسک: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں موجودہ سطح پر ہی برقرار رکھی گئی ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قیمتیں آئندہ ایک ہفتے کے بجائے تاحکمِ ثانی موجود رہیں گی۔

فیصلے کے تحت پیٹرول کی قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔

دوسری جانب عوام کو جزوی ریلیف دیتے ہوئے مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 85 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 227 روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے 55 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 192 روپے 43 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں بھی 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 231 روپے 72 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ اس سے قبل اس کی قیمت 238 روپے 87 پیسے فی لیٹر تھی۔

Watch Live Public News