ویب ڈیسک: ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 37 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا اختتام فتح کے ساتھ کیا۔
برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ اوپنر گل فیروزہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 63 رنز اسکور کیے، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 89 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا اور عائشہ ظفر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ قومی ویمنز ٹیم ٹورنامنٹ میں پانچ گروپ میچز میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کر سکی، تاہم آخری میچ میں فتح کے ساتھ اپنے سفر کا اختتام کیا۔
میچ کے بعد کپتان فاطمہ ثنا نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یادگار کے طور پر اپنی شرٹس تماشائیوں میں تقسیم کیں۔