ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایک افسوسناک انکشاف سامنے آیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ میانوالی کے پرائمری اسکولوں کے بچے مبینہ طور پر چرس اور ہیروئن جیسے خطرناک نشہ آور مواد کا استعمال کر رہے ہیں۔
اپوزیشن رکن اسمبلی اقبال خٹک نے ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے اس معاملے کو انتہائی تشویش ناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا: "میرے حلقے کے اسکولوں میں منشیات کا استعمال ہو رہا ہے، ہمیں بتایا جائے کہ اتنی مہلک لعنت ان ننھے بچوں تک کیسے پہنچی؟"
انہوں نے سوال اٹھایا کہ پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے اس حوالے سے کیا اقدامات کر رہے ہیں۔ "یہ جاننا ضروری ہے کہ چرس اور ہیروئن اسکولوں تک کیسے پہنچیں اور ان کو روکنے کے لیے کیا عملی اقدامات کیے گئے؟" اقبال خٹک نے زور دیا کہ اس خطرناک رجحان کی فوری روک تھام کی جائے اور منشیات پھیلانے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔
اس انکشاف پر ایوان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، اور توقع کی جا رہی ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جلد اس مسئلے پر باقاعدہ موقف اور حکمت عملی پیش کریں گے۔