امریکا میں زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ کیلئےنئی وارننگ:کلاسز چھوڑنے پرویزہ منسوخی کا خطرہ

امریکا میں زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ کیلئےنئی وارننگ:کلاسز چھوڑنے پرویزہ منسوخی کا خطرہ
کیپشن: امریکا میں زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ کیلئےنئی وارننگ:کلاسز چھوڑنے پرویزہ منسوخی کا خطرہ

ویب ڈیسک: امریکا میں زیر تعلیم بھارتی اور دیگر غیر ملکی طلبہ کیلئے نئی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جو غیر ملکی طلبہ کلاسز چھوڑتے ہیں، کورس سے ڈراپ آؤٹ کرتے ہیں یا ادارے کو اطلاع دیے بغیر تعلیم ترک کر دیتے ہیں، ان کا اسٹوڈنٹ ویزہ منسوخ کیا جا سکتا ہے اور وہ مستقبل میں امریکی ویزوں کے لیے نااہل قرار دیے جا سکتے ہیں۔

یہ انتباہ امریکی سفارت خانے نے بھارت میں جاری کیا ہے، جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے "اگر آپ اپنی پڑھائی چھوڑتے ہیں، کلاسز اٹینڈ نہیں کرتے یا بغیر اطلاع کے پروگرام سے نکل جاتے ہیں، تو آپ کا اسٹوڈنٹ ویزہ منسوخ کیا جا سکتا ہے اور آئندہ ویزوں کے لیے آپ کی اہلیت متاثر ہو سکتی ہے۔ ہمیشہ اپنے ویزے کی شرائط پر عمل کریں اور اپنا اسٹوڈنٹ اسٹیٹس برقرار رکھیں تاکہ کسی قسم کی قانونی کارروائی یا مسئلے سے بچا جا سکے۔"

یہ سخت وارننگ اس وقت سامنے آئی ہے جب رواں سال کے آغاز میں امریکی حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف ایک بڑی ملک بدری مہم چلائی تھی۔ اس کے بعد سے امریکی حکام نے ویزہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو اپنے ویزے کی تمام شرائط پر سختی سے عمل کرنا ہوگا تاکہ انہیں کسی قانونی یا امیگریشن مسئلے کا سامنا نہ ہو۔

Watch Live Public News