ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں 500 اضافی اہلکار تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے فوراً بعد صدر نے یہ فیصلہ کیا تاکہ دارالحکومت کی سکیورٹی مزید مضبوط کی جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور اضافی نفری کی تعیناتی کا مقصد کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت مقابلہ کرنا ہے۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں نیشنل گارڈ کے دو اہلکار شدید زخمی ہوئے تھے، جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس کو عارضی طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا جبکہ اطراف کے تمام علاقوں کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جس سے تفتیش جاری ہے۔