ویب ڈیسک:پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کا باضابطہ گزٹ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ نئے جرمانے آج سے صوبے بھر میں نافذ ہو گئے ہیں۔
پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے لیے مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جاری کیے گئے گزٹ نوٹی فکیشن کے مطابق موٹرسائیکل، کار اور کمرشل گاڑیوں کے جرمانوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق موٹرسائیکل کی عام خلاف ورزی پر کم سے کم جرمانہ 2 ہزار روپے، کار کا جرمانہ 3 ہزار روپے اور کمرشل گاڑی کے لیے کم سے کم جرمانہ 15 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر بھی سخت سزائیں رکھی گئی ہیں۔ اب موٹرسائیکل سوار کو 2 ہزار روپے، کار ڈرائیور کو 5 ہزار روپے جبکہ کمرشل گاڑیوں کو 15 ہزار روپے تک کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
اس کے علاوہ لاپرواہی سے موٹرسائیکل چلانے کا جرمانہ بڑھا کر 3 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ جبکہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے اور کار چلانے پر 5 ہزار روپے جرمانہ لیا جائے گا۔
حکومت نے نئے آرڈیننس کے تحت ڈرائیونگ لائسنس پر پوائنٹ سسٹم بھی متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت مسلسل خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جا سکے گی۔