وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اینکر پرسن کی گرفتاری سے متعلق قیاس آرائی شرانگیز پراپیگنڈہ مہم کاحصہ ہے ، شک کی بنیاد پر پٹیشن دائر کرنے والوں کو ثبوت دینے چاہئیں، یہ عمران صاحب کی فسطائی حکومت نہیں جس میں صحافیوں کو ٹارگٹ کیاجائے. مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہمارا ٹاگٹ مہنگائی، بے روزگاری کا خاتمہ اور معیشت کی بحالی وترقی ہے، جمہوری حکومت عوام کی خدمت کے لئے آئی ہے، انتقام لینے کے لئے نہیں ، پی ٹی آئی کا آئین شکن ، میڈیا اور عوام دشمن ٹولہ فیک نیوز نیٹ ورک بن چکا ہے ، چار سال چینل، کالم، پروگرام بند کرنے، صحافیوں کی پسلیاں توڑنے والے آئینہ دیکھیں، بے روزگار ٹولے کے پاس عوام کی خدمت بتانے کے لئے کچھ نہیں. ان کا کہنا تھا کہ آئین شکن سیاسی طور پر زندہ رہنے کے لئے ردعمل کی سیاست پر جی رہے ہیں، جھوٹے جھوٹ نہ بولیں تو پھر سیاسی طور پر زندہ کیسے رہیں ؟