گووندا اور سنیتا نے طلاق کی افواہوں کو تہوار پر مسترد کر دیا

گووندا اور سنیتا نے طلاق کی افواہوں کو تہوار پر مسترد کر دیا
کیپشن: گووندا اور سنیتا نے طلاق کی افواہوں کو تہوار پر مسترد کر دیا

ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے نامور اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے حالیہ دنوں میں اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق زیرِ گردش طلاق کی تمام افواہوں کو واضح انداز میں مسترد کر دیا ہے۔ مذہبی تہوار کے موقع پر دونوں میاں بیوی کی خوشگوار موجودگی نے ان افواہوں کو بے بنیاد ثابت کر دیا۔

میڈیا میں سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا گیا کہ گووندا اور سنیتا اپنے ممبئی کے گھر کے باہر ایک ساتھ خوش دلی سے مسکراتے ہوئے پوز دے رہے تھے۔ اس موقع پر اداکار نے مرون رنگ کا کرتا زیب تن کر رکھا تھا جبکہ سنیتا نے بھی اسی رنگ کی ساڑھی پہنی ہوئی تھی۔ دونوں کی ہم آہنگی اور خوشی دیکھ کر وہاں موجود افراد نے ان کے تعلقات پر اٹھنے والے سوالات کو بے معنی قرار دیا۔

گووندا اور سنیتا نے پاپارازی کو مٹھائیاں بھی تقسیم کیں اور اپنے گھر میں مدعو کیا۔ اس موقع پر ان کے بیٹے یشوردھن اہوجا بھی تقریب میں شامل تھے۔ میڈیا نمائندوں کے سوالات پر سنیتا آہوجا نے طنزیہ انداز میں کہا "کیا آپ لوگ یہاں تنازع دیکھنے آئے ہیں یا پوجا میں شامل ہونے؟"

یہ بیان اس بات کی طرف واضح اشارہ تھا کہ ان کا خاندان تنازعات کے بجائے خوشی اور تہوار کو ترجیح دیتا ہے۔ مزید برآں، سنیتا نے محبت بھرے انداز میں کہا"میرا گووندا صرف میرا ہے، اور کسی اور کا نہیں۔ اگر کچھ ہوتا تو ہم اتنے قریب نہ ہوتے۔"

دوسری جانب گووندا نے خاموش رہتے ہوئے اپنے عمل سے رشتے کی مضبوطی کا پیغام دیا۔ ان کی ٹیم، بشمول مینیجر اور وکیل نے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ طلاق سے متعلق خبریں ماضی کا قصہ ہیں اور فی الحال خاندان میں ہم آہنگی قائم ہے۔

ایک قریبی ذریعے نے بھی تصدیق کی کہ یہ سب پرانی باتیں ہیں اور اب سب کچھ بہتر ہو رہا ہے۔ تہوار کے موقع پر گووندا نے اپنی اہلیہ کے نئے یوٹیوب ولاگ کی تعریف بھی کی اور مداحوں سے درخواست کی کہ وہ سنیتا کے ولاگز کو سپورٹ کریں۔

یاد رہے کہ کچھ عرصے سے بھارتی میڈیا میں ان کے تعلقات میں دراڑ اور ممکنہ طلاق کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ تاہم اس تہوار پر ان کی مشترکہ اور خوشگوار موجودگی نے تمام افواہوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔

Watch Live Public News