آسٹریلیا کی پاکستان کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری، سفر پر نظرثانی کی ہدایت

آسٹریلیا کی پاکستان کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری، سفر پر نظرثانی کی ہدایت
کیپشن: آسٹریلیا کی پاکستان کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری، سفر پر نظرثانی کی ہدایت

ویب ڈیسک: آسٹریلیا نے پاکستان کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو پاکستان کے سفر کی ضرورت پر نظرثانی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے بھی نئی سفری ہدایت شیئر کی، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی صورتحال غیر متوقع ہے اور حالات میں اچانک تبدیلی کا امکان موجود ہے۔

ایڈوائزری میں آسٹریلوی شہریوں کو بڑے اجتماعات، مظاہروں اور احتجاجی سرگرمیوں سے دور رہنے، مقامی میڈیا کی نگرانی اور حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آسٹریلوی حکومت کے مطابق پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر فوجی سرگرمیاں ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کو متاثر کرسکتی ہیں، جس کے نتیجے میں مختصر نوٹس پر نقل و حرکت پر پابندیاں، سڑکوں کی بندش، ٹرانسپورٹ میں خلل اور سکیورٹی اقدامات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ایڈوائزری میں شہریوں کو سرکاری عمارتوں، عبادت گاہوں اور سکیورٹی چیک پوسٹس کے اطراف خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

آسٹریلوی حکومت نے آسٹریلوی شہریوں اور پاکستانی نژاد دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو درست آسٹریلوی پاسپورٹ پر سفر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے دوہری شہریت کے حامل افراد کو پاکستان سے روانگی یا آسٹریلیا واپسی میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

مزید برآں، افغان نژاد آسٹریلوی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ انہیں پاکستانی حکام کی جانب سے اضافی جانچ، پوچھ گچھ یا حراست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، حتیٰ کہ ان کے پاس درست ویزا موجود ہو۔

Watch Live Public News