ویب ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ موجودہ کپتان سلمان علی آغا کی جگہ اگر کوئی نیا کھلاڑی مقرر کیا جائے تو شاداب خان کپتانی کے لیے موزوں انتخاب ثابت ہو سکتے ہیں۔
آفریدی نے انٹرویو میں کہا کہ اس وقت ٹیم کے پاس قیادت کے لیے زیادہ متبادل آپشنز موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اپنے عہدے پر برقرار رہیں، تو شاداب خان کو کپتانی سونپی جا سکتی ہے، بشرطیکہ وہ اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھیں۔
سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ شاداب خان کو باؤلنگ میں مستقل مزاجی دکھانے کی ضرورت ہوگی تاکہ قیادت پر کسی قسم کے سوالات نہ اٹھیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف سپر 8 مرحلے میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم ایونٹ سے باہر ہونے کے قریب ہے، جس کے بعد کپتانی کے مستقبل پر بحث میں شدت آ گئی ہے۔