ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ابوظبی پورٹس گروپ کے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ابوظبی پورٹس کی سرمایہ کاری، کراچی پورٹ کی توسیع اور بندرگاہوں کے جدید انفراسٹرکچر سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کراچی پورٹ کی توسیع کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ بندرگاہوں کی استعداد کار میں اضافے اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر بھی غور کیا گیا۔
دونوں برادر ممالک نے بندرگاہی شعبے میں جدید انفراسٹرکچر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بحری تجارت کے فروغ کے لیے شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے ابوظبی پورٹس گروپ کے کردار کو سراہتے ہوئے اسلام آباد میں ابوظبی پورٹس کے دفتر کے قیام کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں دونوں وفود کے درمیان پاکستان میں ابوظبی پورٹس گروپ کی سرمایہ کاری بڑھانے اور بحری تجارت کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔