تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں جنگ بندی کا اعلان ہوگیا

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں جنگ بندی کا اعلان ہوگیا
کیپشن: تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں جنگ بندی مذاکرات ملائیشیا میں جاری

ویب ڈیسک:تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے، دونوں ممالک نے غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ مذاکرات کا انعقاد ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہوا، جہاں ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم کی میزبانی میں بات چیت ہوئی۔

مذاکرات میں تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم، کمبوڈیا کے وزیراعظم کے ساتھ ساتھ امریکا اور چین کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد انور ابراہیم نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک نے جنگ بندی اور براہ راست رابطے بحال کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر کی جانب سے دونوں رہنماؤں پر زور دیا گیا کہ وہ تنازع کا پرامن حل نکالیں، جس پر فریقین نے مثبت ردعمل دیا۔

کمبوڈیا کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے، اور امید ہے کہ جھڑپیں فوری طور پر بند ہو جائیں گی۔ ان کے مطابق حالیہ لڑائی کے باعث تین لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جو ایک انسانی بحران کی صورت اختیار کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جاری سرحدی جھڑپوں میں اب تک 35 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد محفوظ مقامات کی جانب ہجرت پر مجبور ہو چکے ہیں۔

دونوں ممالک کی جانب سے جنگ بندی پر اتفاق خطے میں امن کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News