ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک میں مون سون کے نئے اور طاقتور اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 29 جولائی سے 5 اگست تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا سلسلہ ملک کے چاروں صوبوں کو متاثر کرے گا، جبکہ یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات اور شانگلہ سمیت مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں 29 جولائی سے 4 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں 28 جولائی کی رات سے 5 اگست تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان میں 28 جولائی کی شام سے 6 اگست تک بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 29 جولائی سے 5 اگست تک تیز بارشیں متوقع ہیں۔
وسطی اور شمالی پنجاب کے مختلف اضلاع میں 29 جولائی سے 4 اگست تک بارشوں کا امکان ہے، جبکہ جنوبی پنجاب میں 31 جولائی سے 3 اگست اور بلوچستان کے مشرقی و جنوبی علاقوں میں بھی اسی عرصے کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ممکنہ شہری سیلاب، پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں کی طغیانی اور شدید موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔