ویب ڈیسک: (شکیل خٹک) ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے جیولن تھرو کی تازہ عالمی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کے ارشد ندیم 1370 پوائنٹس کے ساتھ بدستور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
نئی رینکنگ کے مطابق بھارت کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے 1445 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ گریناڈا کے اینڈرسن پیٹر 1431 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور جرمنی کے جولین ویبر 1407 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ کا کہنا ہے کہ ان کے شاگرد نے اس سال صرف ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کی، جس میں انہوں نے گولڈ میڈل حاصل کیا، تاہم ورلڈ ایتھلیٹکس کے دیگر رینکنگ ایونٹس میں عدم شرکت کی وجہ سے ان کے پوائنٹس میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہو سکا۔
کوچ نے مزید بتایا کہ ستمبر میں شیڈول ورلڈ چیمپئن شپ سے قبل ارشد ندیم دو سے تین بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیں گے، جس سے ان کی رینکنگ میں بہتری کی قوی امید ہے۔