کراچی: بھارتی حمایت یافتہ تنظیم کا رینجرز کیمپ پر حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک،افغان دہشتگرد گرفتار

کراچی: بھارتی حمایت یافتہ تنظیم کا رینجرز کیمپ پر حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک،افغان دہشتگرد گرفتار

(ویب ڈیسک) کراچی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار نے پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر حملہ کیا ۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک کردیے جبکہ ایک افغان دہشتگرد گرفتار کر لیا گیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر(کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ جماعت الاحرار کے خوارج نے کراچی میں رینجرز کیمپ کےمرکزی گیٹ پردھماکے کے بعد اندر داخل ہونےکی کوشش کی،لیکن سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے، جوابی کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک اور ایک زخمی افغان دہشتگرد گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان رینجرز کے 3 جوان بھی شہید اور 4 زخمی ہوئے، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے،عزم استحکام وژن کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  کا کہنا ہے کہ قوم کی حفاظت کے لیے یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، پاکستان اپنےجوانوں کی شہادت کا بدلہ لینے کےلیے حملےکے ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کرے گا۔

وزیر اعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین: 

وزیراعظم شہباز شریف  نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔تین دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زندہ گرفتار  کرکے سیکیورٹی فورسز نے فتنتہ الہندوستان کے جارھانہ عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران  وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔شہداء کے اہل خانہ کو اللہ صبر عطا فرمائے۔ انکے صدمے میں برابر کے شریک ہیں . اس آپریشن کے دوران زخمیوں کو جلد از جلد صحتیاب کرے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہشہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا۔فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرست اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔قوم اپنی بہادر مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

Watch Live Public News