ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے تھے۔
یونائیٹڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 40 رنز مارک چیپمین نے بنائے، جبکہ سمیر منہاس نے 28، اور ڈیون کانوے اور فہیم اشرف نے 26-26 رنز کی اننگز کھیلیں۔ ملتان سلطانز کی جانب سے مومن قمر نے 3، محمد وسیم نے 2، جبکہ محمد نواز، پیٹر سیڈل اور عرفات منہاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں ملتان سلطانز نے 172 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر آسانی سے پورا کر لیا۔ جوش فلپس 55 جبکہ کپتان ایشٹن ٹرنر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسٹیو اسمتھ نے 31 رنز بنائے، عرفات منہاس 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شان مسعود 6 رنز بناسکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان اور سلمان ارشاد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد راولپنڈی پنڈیز کو شکست دی تھی۔