پانی کو ہتھیار بنانے کی دھمکی: پاکستان کا مودی کے اشتعال انگیز بیان پر شدید ردعمل

پانی کو ہتھیار بنانے کی دھمکی: پاکستان کا مودی کے اشتعال انگیز بیان پر شدید ردعمل
کیپشن: پانی کو ہتھیار بنانے کی دھمکی: پاکستان کا مودی کے اشتعال انگیز بیان پر شدید ردعمل

ویب ڈیسک: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ اشتعال انگیز بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پانی کو ہتھیار بنانے کی دھمکی عالمی قوانین اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مودی کا بیان نہ صرف نفرت پر مبنی ہے بلکہ سندھ طاس معاہدے جیسے بین الاقوامی معاہدے کو سیاست کا ہتھیار بنانے کی خطرناک کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک طرف عالمی سطح پر خود کو پرامن ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے اور دوسری جانب ایسے اقدامات سے اپنے عزائم کا پول کھول دیتا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ عالمی وقار کے خواہاں ممالک دوسروں کو دھمکانے کے بجائے اپنے اندر جھانک کر دیکھیں۔ بھارت کی حرکات، چاہے وہ غیرملکی سرزمین پر کارروائیاں ہوں یا مذہبی اقلیتوں پر ظلم، بین الاقوامی برادری کے لیے تشویش کا باعث بن چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، جہاں ریاستی سطح پر ظلم و ستم کو معمول بنا دیا گیا ہے۔ بی جے پی کے شدت پسند عناصر نے نفرت اور انتہا پسندی کو سیاسی نفع کے لیے ہوا دی ہے، جس سے نہ صرف خطے بلکہ خود بھارت کے اندر بھی امن کو خطرات لاحق ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے نوجوان بھارتی نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوف اور نفرت کی سیاست کو مسترد کریں اور وقار، عقلی گفتگو اور علاقائی تعاون پر مبنی مستقبل کے لیے آواز بلند کریں۔

واضح رہے کہ نریندر مودی نے گاندھی نگر میں انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ بھارت نے تاحال پاکستان کے پانی پر صرف ابتدائی اقدامات کیے ہیں، مگر پاکستان پہلے ہی گھبراہٹ کا شکار ہے۔

Watch Live Public News