ویب ڈیسک: واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے میں نیشنل گارڈ کی 20 سالہ اہلکار سارہ بیکاسٹرم جان کی بازی ہار گئیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نوجوان اہلکار کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’’قابل احترام، ذمہ دار اور شاندار شخصیت‘‘ قرار دیا۔ ٹرمپ کے مطابق سارہ کا تعلق ویسٹ ورجینیا کے شہر سمر وِل سے تھا۔
سارہ بیکاسٹرم نے جون 2023 میں ویسٹ ورجینیا آرمی نیشنل گارڈ میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ 863 ملٹری پولیس کمپنی کے ساتھ وابستہ تھیں۔ واقعے کے وقت وہ واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل گارڈ کی ڈیوٹی پر تعینات تھیں اور تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران رضاکارانہ خدمات انجام دے رہی تھیں۔
خاندانی ذرائع اور ساتھیوں کے مطابق سارہ نہایت حساس، محنتی اور دوسروں کی مدد کا جذبہ رکھنے والی نوجوان تھیں۔ انہیں فوجی پولیس کے شعبے سے گہری دلچسپی تھی اور ان کا مستقبل کا ہدف ایف بی آئی میں شمولیت اختیار کرنا تھا۔
فائرنگ کے واقعے میں ان کے ساتھ موجود 24 سالہ نیشنل گارڈ اہلکار اینڈریو وولف بھی شدید زخمی ہو گئے، جو اسپتال میں تشویشناک حالت میں زیرِ علاج ہیں۔ پولیس کے مطابق حملے میں ملوث افغان نژاد مشتبہ شخص رحمان اللہ لکنوال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سارہ بیکاسٹرم کی ہلاکت نے امریکا بھر میں سوگ کی کیفیت پیدا کر دی ہے، جبکہ فوج اور عوام نے ان کی خدمات اور قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔