ویب ڈیسک: سعودی حکومت نے حج سیزن کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سزاؤں اور بھاری جرمانوں کا اعلان کر دیا ہے۔
سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق، جو افراد بغیر اجازت نامے کے حج کی کوشش کریں گے، اُن پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ وزٹ ویزے پر مکہ یا دیگر مقدس مقامات میں داخل ہونے والے افراد کو بھی یہی جرمانہ بھگتنا پڑے گا۔
اس کے علاوہ، اگر کوئی وزٹ ویزہ رکھنے والے غیر مجاز افراد کو حج کی سہولت یا ٹرانسپورٹ فراہم کرتا ہے، تو اس پر ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ لگایا جائے گا۔ ایسے افراد کو ڈی پورٹ بھی کیا جا سکتا ہے اور ان کے لیے آئندہ 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
غیر قانونی عازمین کو رہائش فراہم کرنے والے ہوٹل یا نجی مکانات کے مالکان پر بھی ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ عائد ہو سکتا ہے، جب کہ زائرین کی غیر قانونی نقل و حمل کے دوران استعمال ہونے والی گاڑی بھی ضبط کی جا سکتی ہے۔
وزارت نے مزید بتایا کہ فیصلوں کے خلاف اپیل کرنے کے لیے 30 دن اور عدالت میں درخواست دائر کرنے کے لیے 60 دن کا وقت دیا جائے گا۔
سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد حج کے مقدس فریضے کو نظم و ضبط کے تحت انجام دینا اور عوام کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔