ستمبرمیں سرخ چاندگرہن، کیا پاکستان میں نظارہ کیا جاسکے گا؟

ستمبرمیں سرخ چاندگرہن، کیا پاکستان میں نظارہ کیا جاسکے گا؟
کیپشن: ستمبرمیں سرخ چاندگرہن، کیا پاکستان میں نظارہ کیا جاسکے گا؟

ویب ڈیسک: دنیا کے بیشتر ممالک میں اگلے ماہ ایک شاندار فلکیاتی مظاہرہ دیکھا جائے گا، جب آسمان پر سرخ چاند یا "بلڈ مون" اپنی دلکشی کے جلوے بکھیرے گا۔ یہ نایاب منظر 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب رونما ہوگا، جس دوران لاکھوں افراد اس ناقابلِ فراموش لمحے کے گواہ بنیں گے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق یہ چاند گرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 28 منٹ پر شروع ہوگا اور ایک بج کر 55 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس دوران تقریباً 82 منٹ تک مکمل گرہن رہے گا، جس میں چاند کی رنگت سرخ ہو جائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ستمبر 2025 کا یہ فلکیاتی مظاہرہ اس دہائی کے سب سے نمایاں مکمل چاند گرہن میں شمار ہوگا، جو عوام کے لیے ایک نادر موقع ہے۔

بلڈ مون دراصل چاند گرہن کی ایک قسم ہے۔ یہ اس وقت رونما ہوتا ہے جب زمین، سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے۔ اس دوران زمین کے سائے کی وجہ سے سورج کی براہِ راست روشنی چاند تک نہیں پہنچ پاتی۔ زمین کی فضا میں سے گزرتی روشنی کے بکھرنے کے عمل سے نیلا رنگ ختم ہو جاتا ہے اور سرخی مائل شعاعیں چاند پر پڑتی ہیں، جس سے وہ سرخ دکھائی دیتا ہے۔ اسی وجہ سے اسے "بلڈ مون" کہا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق دنیا کی تقریباً 88 فیصد آبادی اس منظر کو براہِ راست دیکھ سکے گی۔ پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، جاپان، وسطی ایشیا، روس کے بعض حصے اور مشرقی افریقا کے ممالک میں عوام مکمل بلڈ مون کا نظارہ کر سکیں گے۔ اس کے برعکس امریکا میں یہ منظر نظر نہیں آئے گا جبکہ یورپ، مشرقی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں زیادہ تر حصوں میں صرف جزوی گرہن دیکھا جا سکے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 2025 کا پہلا چاند گرہن 14 مارچ کو ہوا تھا، تاہم اس وقت پاکستان کے لوگ یہ منظر نہ دیکھ سکے کیونکہ وہ گرہن دن کے اوقات میں رونما ہوا تھا۔

Watch Live Public News