اداکارہ نشو نےچوتھی شادی کیلئے منفرد شرط رکھ دی

اداکارہ نشو نےچوتھی شادی کیلئے منفرد شرط رکھ دی
کیپشن: اداکارہ نشو نےچوتھی شادی کیلئے منفرد شرط رکھ دی

ویب ڈیسک: پاکستانی فلم انڈسٹری کی دبنگ اور باوقار اداکارہ نشو، جو کئی دہائیوں سے اپنی شاندار اداکاری اور بے باک بیانات کے باعث جانی جاتی ہیں، نے حال ہی میں اپنی ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی ہے۔ ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں ان سے چوتھی شادی کی خبروں سے متعلق سوال کیا گیا جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے ان تمام خبروں کی تردید کردی۔

نشو نے واضح کیا کہ وہ فی الحال سنگل ہیں اور اپنی زندگی کو آزادانہ اور بھرپور انداز میں گزار رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے تو خود نہیں معلوم میں نے کس سے شادی کی ہے، یہ سب افواہیں پھیلانے والوں سے پوچھیں، آخر وہ کون ہے جس سے میں نے نکاح کر لیا؟‘‘

اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہیں آج بھی کئی رشتے موصول ہوتے ہیں، لیکن وہ اپنی زندگی کو ایک ملکہ کی طرح آزادی کے ساتھ گزار رہی ہیں اور فوری طور پر کسی رشتے میں بندھنے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔ البتہ انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ قسمت کے لکھے کو کوئی نہیں ٹال سکتا۔ ان کے مطابق، ’’اگر نصیب میں لکھا ہوگا تو میں ضرور شادی کروں گی، میں نے اپنی زندگی میں یہ باب مکمل طور پر بند نہیں کیا۔‘‘

نشو نے مذہبی حوالے سے کہا کہ اسلام خواتین کو کسی بھی عمر میں شادی کا حق دیتا ہے اور اس میں کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بیوہ یا مطلقہ خواتین فوری طور پر نکاح کرلیتی ہیں اور معاشرہ اس پر تنقید نہیں کرتا، لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں نکاح جیسے عمل کو بھی معیوب سمجھا جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ رہی کہ گفتگو کے دوران انہوں نے ہنستے ہوئے کہا: ’’جب ریکھا شادی کریں گی تو میں بھی شادی کرلوں گی۔‘‘ ان کا یہ جملہ نہ صرف حاضرین کو ہنسا گیا بلکہ مداحوں کے لیے بھی دلچسپ بن گیا۔

خیال رہے کہ اداکارہ نشو اب تک تین شادیاں کرچکی ہیں۔ ایک شادی طلاق پر ختم ہوئی جبکہ باقی دونوں شوہروں کے انتقال کے بعد وہ بیوہ ہوئیں۔ اپنی کھلی سوچ اور بے باک گفتگو کے باعث وہ آج بھی شائقین کے دلوں میں مقبول ہیں۔

Watch Live Public News