سانحہ بھاٹی گیٹ: ریسکیو غوطہ خور ٹیم نے17گھنٹے بعدسگیاں سے بچی کی لاش برآمدکرلی

سانحہ بھاٹی گیٹ: ریسکیو غوطہ خور ٹیم نے17گھنٹے بعدسگیاں سے بچی کی لاش برآمدکرلی
کیپشن: لاہور:داتادربارکےقریب سیوریج لائن میں گرنے والی خاتون کی لاش مل گئی،بچی کی تلاش جاری

ویب ڈیسک: لاہور میں داتا دربار کے قریب ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون اپنی دس ماہ کی بیٹی کے ہمراہ کھلی سیوریج لائن میں گر گئیں۔ ریسکیو حکام نے تصدیق کی ہے کہ 10 ماہ کی بچی کی لاش 17 گھنٹے بعد سگیاں سے برآمد کرلی گئی ہے۔ جب کہ خاتون کی لاش گزشتہ رات برآمد کرلی گئی تھی۔ 

10 ماہ کی نومولود کی شناخت ردا کے نام سے ہوئی ہے جبکہ نومولود کی ماں کی شناخت سعدیہ کے نام سے ہوئی تھی۔

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ٹیپا کے زیرِ انتظام جاری ترقیاتی منصوبے کے دوران پیش آیا، جہاں سیوریج لائن پر حفاظتی ڈھکن موجود نہیں تھا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ چھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے بعد خاتون کی لاش برآمد کر لی گئی ہے، تاہم دس ماہ کی بچی کی تلاش کے لیے نالوں اور سیوریج لائنوں میں سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے۔

واسا کے ترجمان کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں ترقیاتی کام جاری تھا، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ سیوریج لائن پر ڈھکن نہ ہونے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت خاتون کے شوہر اور ساس بھی موقع پر موجود تھے، تاہم دونوں کے بیانات میں تضاد پایا گیا، جس کے باعث پولیس کو مزید تحقیقات کی ضرورت پیش آئی۔ پولیس نے حقائق واضح کرنے کے لیے شوہر اور ساس کو تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیوریج لائن پر حفاظتی ڈھکن نہ ہونے کی شکایت پر ٹیپا کے ڈائریکٹر کو معطل کر دیا ہے۔ مزید برآں واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جو ذمہ داروں کا تعین کرے گی اور آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔

Watch Live Public News