کیچ سے شادی شدہ خاتون اسلحہ کے زور پر اغوا، دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے کا خدشہ

کیچ سے شادی شدہ خاتون اسلحہ کے زور پر اغوا، دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے کا خدشہ
کیپشن: کیچ سے شادی شدہ خاتون اسلحہ کے زور پر اغوا، دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے کا خدشہ

ویب ڈیسک: ضلع کیچ کے علاقے بالچا میں شام تقریباً ساڑھے چار سے پونے پانچ بجے کے درمیان ایک کرولا گاڑی ایک گھر کے سامنے رکی، جہاں سوار افراد نے نرگس نامی خاتون کو زبردستی اغوا کیا اور تیزی سے فرار ہوگئے۔

خاتون کے شوہر اور بھتیجے نے فوراً گاڑی کا پیچھا کیا اور ناصرآباد کے قریب اسے روک لیا۔ اس دوران گاڑی سے ایک مسلح شخص کلاشنکوف اٹھائے باہر نکلا اور شوہر نے مزاحمت کی، بتایا کہ اغوا ہونے والی خاتون اس کی بیوی ہے۔

اسی دوران، دو موٹر سائیکل سوار آئے، جن پر BLA کے جھنڈے لگے ہوئے تھے۔ انہوں نے شوہر پر تشدد کیا، اس کے اور بھتیجے کے موبائل فون چھین لیے، اور خاتون کو زبردستی ناصرآباد کے جنگلات کی طرف لے گئے۔

واقعے کی اطلاع تمام متعلقہ اداروں کو دے دی گئی ہے اور پولیس کارروائی میں مصروف ہے۔

یہ واقعہ محض ایک عام اغوا یا ذاتی دشمنی کا معاملہ نہیں، بلکہ یہ ایک منظم دہشت گرد کارروائی کی واضح علامت ہے۔ دن دیہاڑے اسلحے کے زور پر خاتون کا اغوا، مسلح ساتھیوں کا پہنچنا اور پھر جنگل کی طرف لے جانا، وہ طریقہ کار ہے جو BLA دہشت گرد تنظیم خوف پھیلانے کے لیے استعمال کرتی آئی ہے۔

بلوچستان لبریشن آرمی کی جانب سے خواتین کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوششیں سامنے آتی رہی ہیں۔ ان میں پہلے نفسیاتی، سماجی اور جذباتی استحصال، پھر جسمانی تشدد اور جنسی زیادتی، اور اس کے بعد بلیک میلنگ کے ذریعے خودکش حملوں کے لیے مجبور کرنا شامل رہا ہے۔

تشویش ناک حقیقت یہ ہے کہ بعض اوقات اغوا شدہ خواتین کو جنسی غلامی کے لیے رکھا جاتا ہے، تاکہ انہیں خوف اور دھمکیوں کے ذریعے قابو میں رکھا جائے اور وہ دہشت گرد تنظیم کے مقاصد کے لیے استعمال ہوں۔

کیچ کا یہ واقعہ اسی خطرناک پیٹرن کی طرف اشارہ کرتا ہے، جس میں خدشہ ہے کہ خاتون کو جبری جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا، پھر بلیک میل کر کے اسے خودکش حملہ آور بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ صرف ایک فرد یا خاندان کا مسئلہ نہیں، بلکہ پورے معاشرتی ڈھانچے کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔

خواتین کا اغوا، ان پر تشدد اور انہیں دہشت گردی کے مقاصد کے لیے استعمال کرنا بدترین دہشت گردی کی ایک شکل ہے۔ اگر ایسے جرائم کو بے نقاب نہ کیا گیا تو یہ سلسلہ بڑھتا جائے گا۔ آج سچ بولنا اور آواز اٹھانا کل کے بڑے سانحے کو روکنے کا واحد طریقہ ہے۔

Watch Live Public News