پی ٹی آئی کو دھچکا، عدالت سے بڑا فیصلہ آگیا

پی ٹی آئی کو دھچکا، عدالت سے بڑا فیصلہ آگیا
کیپشن: پی ٹی آئی کو دھچکا، عدالت سے بڑا فیصلہ آگیا

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی عبوری رجسٹریشن سے متعلق آزاد کشمیر ہائیکورٹ کا 23 جون کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی اپیل پر فل بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

چیف جسٹس جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے ابتدائی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کیا اور کیس کی مزید سماعت 2 جولائی 2026 تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ نے درخواست میں دی گئی استدعا سے بڑھ کر ریلیف فراہم کیا، لہٰذا اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے ہائیکورٹ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے قانون کے مطابق قرار دیا اور عدالت سے رجسٹریشن بحال رکھنے کی استدعا کی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کو رجسٹر کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر سے رجوع کیا تھا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کو فی الحال انتخابی نشان ’بلا‘ حاصل نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 27 جولائی کو ہونے ہیں، اور پی ٹی آئی پہلے ہی اپنے امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے۔

تاہم عدالتی حکم کے بعد حتمی فیصلے تک پارٹی امیدواروں کو انتخابی عمل میں آزاد حیثیت میں حصہ لینا پڑ سکتا ہے۔

Watch Live Public News