ویب ڈیسک: بھارت کے معروف پنجابی گلوکار، اداکار اور فلم ساز گپی گریوال نے پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں نامور کامیڈین اور اداکار سہیل احمد کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔
گپی گریوال ان دنوں اپنی نئی پنجابی فلم 'کیری آن جٹا 4' کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے فنکاروں سے اپنے تعلقات اور ماضی کے تجربات کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداکار ناصر چنیوٹی ان کے قریبی دوست ہیں، جبکہ افتخار ٹھاکر ایک نہایت باصلاحیت اور شاندار فنکار ہیں، جن کے ساتھ کام کرنا خوشگوار تجربہ رہا۔
گپی گریوال کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں موقع ملا تو وہ پاکستان کے معروف اداکار اور کامیڈین سہیل احمد کے ساتھ بھی ضرور کام کرنا چاہیں گے۔
گپی گریوال نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مستقبل میں فن اور ثقافت کے شعبے میں تعاون کے مزید مواقع پیدا ہوں گے، تاکہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے فنکار ایک دوسرے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔