ویب ڈیسک: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی اور اداکار حمزہ سہیل سوشل میڈیا پر اپنی ممکنہ شادی کی افواہوں کی وجہ سے زیرِ بحث ہیں۔ مختلف انسٹاگرام اکاؤنٹس پر یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دونوں 2026 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو سکتے ہیں، جس سے مداحوں میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سجل علی نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بغیر تصدیق شدہ خبروں پر یقین نہ کریں۔ انہوں نے کہا، "ارے دوستو، کوئی بھی ذاتی خبر اگر کبھی ہوگی، براہ راست میں خود ہی بتاؤں گی۔"
سجل علی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی ورسٹائل اور باصلاحیت اداکارہ سمجھی جاتی ہیں۔ انہوں نے "یقین کا سفر"، "چپ رہو "، "یہ دل میرا "اور "آنگن" جیسے مقبول ڈراموں میں اپنے شاندار کرداروں سے بے پناہ شہرت حاصل کی۔ دوسری جانب حمزہ سہیل نے بھی "فیری ٹیل سیزن 1" اور 2،" زرد پتوں کا بن" اور "دل والی گلی" جیسے پراجیکٹس میں اپنی شناخت قائم کی۔

مداحوں کے ردعمل
سوشل میڈیا پر دونوں اداکاروں کی ممکنہ شادی پر مداحوں کے جذبات کا اظہار جاری ہے۔ ایک مداح نے کہا کہ انہیں پہلے ہی اندازہ تھا کہ ایسا ہو سکتا ہے، کیونکہ حمزہ سہیل ایک باوقار شخصیت کے مالک ہیں، جبکہ ایک اور مداح نے سجل علی کی خوشیوں کے لیے دعا کی اور ان کی زندگی میں خوشیاں بھرپور ہونے کی خواہش ظاہر کی۔
مداحوں کی اکثریت اس جوڑی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہی ہے اور امید کر رہی ہے کہ یہ افواہیں حقیقت بنیں۔