ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج شام سے آندھی، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔ اس سسٹم کے تحت اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب، اندرون سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان متاثر ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ تیز آندھی کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مانسہرہ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں آندھی اور بارش ہو سکتی ہے، جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، اٹک اور جہلم میں بھی بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
دوسری جانب، ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی لہر کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
گزشتہ روز جیکب آباد، تربت اور سبی ملک کے گرم ترین شہر رہے، جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ معمول سے زیادہ گرمی شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رہی ہے۔
سندھ میں بارش سے حادثات، دو افراد جاں بحق
ادھر سندھ میں تیز ہواؤں اور بارشوں کا سسٹم داخل ہو چکا ہے۔ کوٹری میں بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث مختلف حادثات پیش آئے، جن میں دو افراد جاں بحق اور کم از کم 25 افراد زخمی ہو گئے۔
حیدرآباد، جامشورو اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی، جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی تاہم کچھ مقامات پر شہریوں کو پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔