ویب ڈیسک:لاہور میں دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ فائٹ فورگلوری میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے محمد وسیم نے ورلڈ گولڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل فائٹ جیت لی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی باکسر نے دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ فائٹ فورگلوری میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کی، محمد وسیم نے اپنے وطن میں اپنے اعزاز کا دفاع کیا اور ورلڈ گولڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل فائٹ جیتنے میں کامیاب رہے۔
پاکستانی اور تھائی باکسر کے درمیان فائنل میں زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا، محمد وسیم نے فائٹ کے دوران آخر تک اپنے اعصاب کو قابو میں رکھا اور حریف کے حملوں کو چابکدستی سے ناکام بنایا۔
محمد وسیم نے 12 راؤنڈ کی فائٹ میں تھائی لینڈ کے جکراوت مجنگو کو شکست دی، ہارنے کے بعد جکراوت زارو قطار روتے ہوئے بھی نظر آئے۔
چیمپئن محمد وسیم نے فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کے انعقاد پر پاک آرمی اور پنجاب حکومت کا شکرگزار ہوں، کامیابی پاک فوج کے شہدا کے نام کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ فائٹ فار گلوری چیمپئن شپ کا آج آخری دن تھا، پاکستان میں ہونے والی چیمپئن شپ میں 15 ممالک کے 44 باکسرز نے شرکت کی۔