ویب ڈیسک: مشہور یوٹیوبر ڈکی بھائی (سعد الرحمان) نے نیشنل ہائی وے پر خطرناک ڈرائیونگ کے مقدمے میں لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس شہباز رضوی نے درخواست پر سماعت کی۔ ڈکی بھائی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے حکم دیا کہ ملزم 5 مئی کو پیش ہو۔
تیز رفتاری اور قانون شکنی پر مقدمات
موٹروے پولیس نے یوٹیوبر کے خلاف تیز رفتاری اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے الزامات کے تحت سرگودھا اور راولپنڈی میں دو الگ مقدمات درج کیے تھے۔ پولیس کے مطابق ڈکی بھائی نے نہ صرف 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلائی بلکہ اپنی ویڈیو میں اسٹیرنگ پر پاؤں رکھ کر ڈرائیونگ کرتے بھی دکھائی دیے، جو کہ خطرناک حد تک غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔
قانونی کارروائی کا پس منظر
یہ واقعہ اُس وقت منظر عام پر آیا جب مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کیے۔ عدالت میں حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے بعد ڈکی بھائی کو اب متعلقہ عدالت میں پیش ہو کر اپنا مؤقف دینا ہوگا۔