ویب ڈیسک: جمعرات کے روز بٹ کوائن میں شدید گراوٹ دیکھنے میں آئی، جس کے بعد یہ 84,300 ڈالر کی سطح تک آ گیا جو کہ 2026 کی کم ترین سطح ہے۔ سونے کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضاگے اور امریکی ٹیکنالوجی اسٹاکس میں زبردست فروخت کے باعث ٹیک مارکیٹس میں مجموعی طور پر مندی چھا گئی۔
امریکی مارکیٹ کے صبح کے سیشن کے دوران بٹ کوائن میں کمی مزید تیز ہو گئی۔ سیشن کے آغاز میں 88 ہزار ڈالر سے اوپر ٹریڈ ہونے کے بعد چند ہی گھنٹوں میں بٹ کوائن کی قیمت تقریباً 3 ہزار ڈالر کم ہو گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بٹ کوائن کی قیمت میں 4.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو دسمبر کے وسط کے بعد اس کی کم ترین سطح ہے۔
یہ فروخت ایسے وقت میں سامنے آئی جب سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ جمعرات کے روز سونا پہلے 5,600 ڈالر فی اونس کی تاریخی بلند ترین سطح تک پہنچا، تاہم چند ہی منٹوں میں تقریباً 10 فیصد گر کر 5,200 ڈالر فی اونس سے بھی نیچے آ گیا۔ اتوار کی رات سے قبل سونے کی قیمت کبھی بھی 5,000 ڈالر فی اونس سے اوپر ٹریڈ نہیں ہوئی تھی۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی اسی طرح کی بے چینی دیکھی گئی، جو 121 ڈالر فی اونس سے گر کر 108 ڈالر تک آ گئیں۔
ادھر ایکویٹی مارکیٹس بھی دباؤ کا شکار رہیں، جب مائیکروسافٹ کے شیئرز کمپنی کی چوتھی سہ ماہی کی آمدنی رپورٹ کے بعد 11 فیصد سے زائد گر گئے۔ مائیکروسافٹ میں شدید کمی کے باعث ٹیکنالوجی اسٹاکس پر دباؤ بڑھا اور نیسڈیک انڈیکس تقریباً 1.5 فیصد نیچے آ گیا۔