ویب ڈیسک: ملک بھر میں مون سون کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارشیں ہو رہی ہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، سوات، ایبٹ آباد، مظفرآباد، ہری پور اور کالاباغ سمیت کئی علاقوں میں بارشوں کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جس پر واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش سیدپور میں 90 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ شمس آباد میں 80، کٹاریاں 78، پی ایم ڈی میں 55 اور پیر ودھائی میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
ادھر خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول مردان، سوات، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، ہری پور میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کالا باغ اور گرد و نواح میں ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جس کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جس سے برساتی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں مزید پانی بھرنے کا خدشہ ہے۔
ایبٹ آباد کے علاقے درویش آباد میں بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر دو کم سن بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ملبے سے نکالا اور دیگر متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔