خیبرپختونخوا میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
کیپشن: خیبرپختونخوا میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے جاری کردی بیان کے مطابق چترال،سوات،بونیر،مالاکنڈ،باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ،کوہستان،مانسہرہ،ہری پور اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 

اس کے علاوہ چارسدہ،نوشہرہ،مردان،صوابی،کوہاٹ،کرک،بنوں،لکی مروت،پشاور اور ڈی آئی خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ صوبے میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ دریائے کابل،سوات اور پنجکوڑا میں موسلادھار بارش سے سیلاب کا خدشہ ہو سکتا ہے۔ موسلادھار بارش سے صوابی،مردان،مانسہرہ،کوہستان دیر،سوات،شانگلہ اور وزیرستان کے مقامی ندی نالوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔ 

نوشہرہ،ٹانک،ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں طغیانی آنے کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سڑکوں کی بندش کا سبب بن سکتی ہے۔ 

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران  مالم جبہ اور کاکول 2 اور تیمرگرہ میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 

پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 اور زیادہ سے زیادہ 32 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں دریاؤں کی صورت حال 

فلڈ سیل کے مطابق خیبر پختونخوا کے دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ 99000 کیوسک ہے۔ تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 1 لاکھ 60 ہزار 700کیوسک ہے۔ دریائے ادیزئی میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔  

فلڈ سیل کے اعدادوشمار کے مطابق دریائے ادیزئی میں پانی کا بہاؤ 36ہزار 831 کیوسک ہے۔ دریائے سندھ میں خیر آباد کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں خیرآباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 27 ہزار 400 کیوسک ہے۔ 

فلڈ سیل کے مطابق دریائے کابل میں ورسک کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے کابل میں ورسک کے مقام پر پانی کا بہاؤ 40 ہزار 330 اور نوشہرہ کے مقام پر 56900کیوسک ہے۔ دریائے سوات میں چکدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 9658 اور خوازہ خیلہ کے مقام پر 7219 کیوسک ہے۔

Watch Live Public News