ویب ڈیسک: واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی بہتر بنانے کے لیے نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت آئندہ چند ماہ میں صارفین فون نمبر شیئر کیے بغیر یوزر نیم (Username) کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق صارفین پیر سے اپنا منفرد یوزر نیم ریزرو کر سکیں گے، تاہم اس کا استعمال لازمی نہیں ہوگا اور اسے کسی بھی وقت تبدیل یا حذف بھی کیا جا سکے گا۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یوزر نیم زیادہ سے زیادہ 35 حروف پر مشتمل ہوگا، جبکہ معروف شخصیات، سرکاری عہدیداروں اور مشہور ناموں سے ملتے جلتے یوزر نیم عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے تاکہ شناخت کے غلط استعمال سے بچا جا سکے۔
کمپنی کے مطابق نئے فیچر کے باوجود واٹس ایپ اکاؤنٹ بنانے کے لیے فون نمبر بدستور ضروری ہوگا، تاہم چیٹ کے دوران صارفین کا نمبر دیگر افراد کو نظر نہیں آئے گا۔ اس کے علاوہ ناپسندیدہ صارفین کو بلاک اور رپورٹ کرنے کی سہولت بھی برقرار رہے گی۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ صارفین کی نجی گفتگو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سے محفوظ رہے گی اور کمپنی اشتہارات کے لیے چیٹس کا مواد استعمال نہیں کرتی۔
واضح رہے کہ سگنل میسجنگ ایپ بھی 2024 میں اسی نوعیت کا فیچر متعارف کرا چکی ہے۔