ویب ڈیسک: معروف یوٹیوبر دی وزرڈ لِز (Liz Wizard) نے اپنے منگیتر اور یوٹیوبر لینڈن نکرسن کی جانب سے بے وفائی پر رشتہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا، جس نے ان کے مداحوں کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
26 سالہ لز وزرڈ، جو خود کو بہتر بنانے، ذہنی صحت، خود سے محبت اور نسوانی طاقت سے متعلق ویڈیوز بناتی ہیں، اکثر اپنی فالوورز کو تعلقات سے متعلق مشورے دیتی رہی ہیں۔ تاہم اب ان کی اپنی زندگی ایک ایسے دھچکے کا شکار ہو چکی ہے، جس کا اثر صرف ان پر نہیں بلکہ ان کے لاکھوں فینز پر بھی پڑا ہے۔
لِز نے منگل کے روز انسٹاگرام اسٹوری میں انکشاف کیا کہ وہ اور لینڈن اب ایک ساتھ نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لینڈن ایک خفیہ اسنیپ چیٹ اکاؤنٹ کے ذریعے دوسری عورت سے بات چیت کرتے رہے، جس کا علم بعد میں اس وقت ہوا جب وہ عورت لِز کی ایک دوست سے رابطے میں آئی۔
یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا جب لِز اور لینڈن حال ہی میں ایک رومانوی سفر پر لندن گئے تھے، جہاں لینڈن نے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ایک مکمل کتاب تحفے میں دی تھی جس میں انہوں نے لز سے اپنی محبت کا اظہار کیا تھا۔
فینز کو اس کتاب نے بے حد متاثر کیا تھا، لیکن اب بے وفائی کی خبر نے سب کے دل توڑ دیے ہیں۔
لِز نے رشتہ ختم کرنے کے ساتھ ساتھ اعلان کیا کہ وہ اپنی ایک لاکھ ڈالر مالیت کی منگنی کی انگوٹھی فروخت کرکے اس رقم کو سنگل ماؤں کی مدد کے لیے عطیہ کریں گی۔
انسٹاگرام پر انہوں نے مزید وضاحت کی کہ جب لینڈن ان کی زندگی میں آئے تو وہ سنگل تھے، اور یہ کہنا غلط ہے کہ وہ کسی اور کے ساتھ رشتے میں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اور لینڈن چار سال قبل انسٹاگرام پر ملے تھے، کچھ دن بات ہوئی، پھر دونوں الگ الگ رشتوں میں چلے گئے تھے۔
دوسری طرف، لینڈن نکرسن نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور کہا کہ یہ صرف "چند منٹ کی ٹیکسٹنگ" تھی۔ انہوں نے اسے اپنی "بڑی غلطی" قرار دیتے ہوئے معافی مانگی۔
سوشل میڈیا پر ردعمل بھرپور ہے اور عوامی حمایت واضح طور پر لز کے حق میں نظر آ رہی ہے۔ خاص طور پر خواتین فینز کی بڑی تعداد لز کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
کئی صارفین نے کہا:
"اگر لز جیسی حسین اور ذہین لڑکی کے ساتھ دھوکہ ہو سکتا ہے، تو کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔"
"محبت پر سے یقین اٹھ چکا ہے۔"
"ایک کتاب لکھنے والا بھی چیٹ کر سکتا ہے، یہ سب دکھاوا ہوتا ہے۔"
مزید دکھ کی بات یہ ہے کہ لِز اس وقت 4 ماہ کی حاملہ بھی ہیں، اور یہ خبر وہ پہلے ہی اپنے فینز سے شیئر کر چکی تھیں۔